بنگلورو15نومبر (ایس او نیوز) کسانوں کی طرف سے حاصل کردہ زرعی قرضہ معاف کئے جانے کے سلسلہ میں شکوک وشبہات کا شکار نہ ہوں۔ قرضہ وصولی کیلئے کسانو ں کوغیر ضروری طور پر اذیت دی گئی تو بینک منیجرکو بھی گرفتار کیا جاسکتا ہے ۔ قرضہ معافی کے متعلق ذرائع ابلاغ میں آرہی خبر وں کو سنجیدگی کے ساتھ پڑ ھ رہا ہوں ۔ اس ضمن میں ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر اعلیٰ کمار سوامی نے کیا ۔ بروز چہارشنبہ سابق وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو کی 129ویں یومِ پیدائش کی مناسبت سے ودھان سودھا احاطہ میں ان کی تصویر پر پھول نچھاور کرنے کے بعد کمار سوامی نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ قرضہ معافی اسکیم کے سلسلہ میں خواہ مخواہ الجھن پیدا کرنے کی کوشش ہورہی ہے۔مستحق کسانوں کی قرضہ معافی کی کارروائی جاری ہے ۔ لیکن مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے پاس زرعی قرضہ کے علاوہ دیگرقرضہ معافی کی درخواستیں آرہی ہیں ۔ مکان تعمیر کرنے حاصل کردہ قرضہ ادا نہ کرکے خود کشی کرلینے کے واقعات بھی ہمارے پاس آرہے ہیں ۔ انہوں نے حضرت ٹیپوسلطان کے جنم دن کے ضمن میں کہا کہ ٹیپو جینتی منسوخ کرنے یااس میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کی کوئی تجویز حکومت کے سامنے نہیں ہے ۔ حکومت کے تمام پروگراموں میں وزیر اعلیٰ کی شرکت ضروری نہیں ہے ۔ ٹیپو جینتی بھی سرکاری تقریب ہے ، اس میں ہماری حکومت کے نمائندے شریک تھے ۔ ٹیپو جینتی کے بارے میں نزاعی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش صرف ایک سیاسی پارٹی سے ہورہی ہے۔یہ سب سیاسی فائدہ کیلئے کیا جارہا ہے ۔ کیونکہ اعتراض کرنے والی پارٹی کے قائدین خود ٹیپو جینتی تقریب میں شریک رہے ہیں ، اس کے ثبوت میں بہت ساری تصاویر ہیں۔